انسداددہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 12مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت میں ریمانڈ سے متعلق سماعت 7 گھنٹے جاری رہی اور عدالت نے پراسیکیوٹر کی استدعا پر ریمانڈ منظور کر لیا۔
دوران سماعت عدالت نے پراسیکیوٹر سے نوٹیفکیشن کی اصل کاپی طلب کی تو استغاثہ کے وکیل نے کہا کہ ملزم کا فوٹوگرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کرانا ہے واٹس ایپ میسجز کی اور ویڈیوز کی فرانزک کرانی ہے لہذا عدالت 30 دن کا جسمانی ریمانڈ دے۔
عدالت نے کہا کہ پراسیکیوٹر کا کیس یہ ہےکہ بانی پی ٹی آئی نے سرکاری املاک پر حملے کا کہا اب اتنے کیسز میں تفتیش کر کے سچ جھوٹ جاننا ہے کہ ملزم نے ایسا کیا یا نہیں۔
بانی کے وکیل عثمان گل نے استدعا کی کہ عدالت جسمانی ریمانڈ کی بجائےتفتیش کی اجازت دیدے، بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نہیں نکالنا تو جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں، پولیس خودمان رہی ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو سیکیورٹی نہیں دے سکتی ایسا ہے تو پھر جسمانی ریمانڈ لےکر کیا کرنا ہے؟
عدالت نے کہا کہ کیا آپ لوگ نہیں چاہتے اس معاملےمیں تفتیش ہو کر چیزیں سامنےآئیں؟ عدالت نے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ کچھ دیر بعد سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔