سڈنی: آسٹریلیا کے ایک سپر اسٹور میں ریک سے اچانک 10 فٹ لمبا اژدہا نکل آیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ایک سپر اسٹور میں دس فٹ لمبے پائتھن سانپ نے لوگوں کو خوف زدہ کر دیا۔
اژدہا کھانے پینے کے ریک سے اچانک نمودار ہوا، جسے دیکھ کر وہاں شاپنگ کرنے والی خاتون خوف زدہ ہوگئیں، تاہم حواس پر قابو رکھتے ہوئے انھوں نے فوراً انتظامیہ کو آگاہ کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ہیلینا الاتی نامی خاتون مصالحوں کے ریک کے پاس مطلوبہ چیزیں دیکھ رہی تھیں کہ اچانک ایک شیلف میں سے بہت بڑا سانپ ان کے سامنے نکل آیا۔
خاتون نے بتایا کہ پائتھن کا سر ان کے سر سے محض 8 انچ کی دوری پر آ گیا تھا، تاہم خاتون نے بتایا کہ وہ خود بھی سانپ پکڑنے کی ماہر ہیں، وہ سانپ کو دیکھ کر پہچان گئیں کہ یہ غیر زہریلا ڈائمنڈ پائتھن ہے۔
انھوں نے کہا چوں کہ وہ خود سانپوں سے متعلق علم رکھتی ہیں اس لیے انھوں نے خود کو پرسکون رکھا، ورنہ ایسی صورت حال میں انسان کو خوف کا بڑا جھٹکا لگتا ہے، مجھے بھی جھٹکا لگا تھا کیوں کہ وہ بس اچانک ہی سامنے آ گیا تھا۔
ہیلینا الاتی نے کہا کہ جب انھوں نے انتظامیہ کو بتایا کہ وہاں ایک ریک میں سانپ ہے، تو انھیں سمجھ نہیں آیا کہ میں کیا کہہ رہی ہوں، تاہم بعد میں اس ایریا کو خالی کرایا گیا، خاتون نے اپنے موبائل سے سانپ کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی۔
الاتی نے بعد ازاں قریب واقع اپنے گھر سے سانپ پکڑنے کا سامان لا کر کچھ دیر میں اسے پکڑ لیا اور قریبی جنگل میں چھوڑ دیا۔