اسلام آباد: مہنگائی کے ستائے شہریوں کے لیے ایک اور بری خبر ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر سے بڑے اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ڈیزل پر 10 روپے فی لیٹر لیوی عائد کیے جانے کا امکان ہے، ڈیزل پر لیوی کی شرح اس وقت 40 روپے کی سطح پر ہے، وزیر خزانہ ڈیزل پر لیوی کی شرح میں اضافے کا اعلان کر چکے ہیں۔
آئی ایم ایف کی پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرط 50 روپے تک ہے، پیٹرول پر حکومت صارفین سے پہلے ہی 50 روپے لیوی وصول کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل کے علاوہ دیگر مصنوعات پر ڈالر کی قدر میں اضافے کا اثر آئے گا، گزشتہ اضافے میں ڈالر کی قمیت 232 روپے لگائی گئی تھی، ڈالر کی موجودہ قدر روپے کے مقابلے میں 268 روپے تک ہے۔
وزارت خزانہ آج وزیر اعظم شہباز شریف کی مشاورت سے قیمتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔