کراچی : شہر قائد کے علاقے برنس روڈ سے لاپتہ ہونے والا 10 سالہ عثمان آج صبح صحیح سلامت گھر واپس آگیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے برنس روڈ سے 10 سالہ عثمان مدرسے سے گھر واپسی پر لاپتہ ہوگیا تھا، آج صبح سویرے گھر پہنچ گیا۔
پولیس حکام کے مطابق نامعلوم شخص بچے کو گھر کر قریب چھوڑ کر چلا گیا۔
عثمان کے تایا نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم شخص چیز دلانے کے بہانے بچے کو اپنے ساتھ لے گیا تھا، بچے پر کسی قسم کا تشدد نہیں ہوا اور وہ خیریت سے گھر لوٹ آیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عثمان کے تایا کا مزید کہنا تھا کہ اے آر وائی کی کاوشوں سے عثمان کی بازیابی ممکن ہوئی جس کے بعد اعلی افسران نے بھی واقعہ کا نوٹس لیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے بچے کے اہلِ خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے برنس روڈ کی دکانیں بند کرادی تھیں اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی تھی۔
یاد رہے کہ 10 سالہ عثمان کے لاپتہ ہونے کی خبر میڈیا پرنشر ہوتے ہی آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی جنوبی سے رپورٹ طلب کی تھی۔