بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

ہوائی فائرنگ سے زخمی 10 سالہ بچی علاج کی منتظر

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال نے 10 سالہ بچی کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا۔ پتنگ بازی کے دوران ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والی بچی اسپتال کے باہر مسیحاؤں کی مسیحائی کی منتظر ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی رہائشی 10 سالہ زویا گلی میں کھیلتے ہوئے اس وقت شدید زخمی ہوگئی جب ہوا میں فائر کی گئی گولی نے اسے اپنا نشانہ بنا لیا۔ ہوائی فائرنگ شہر میں پتنگ بازی کے دوران کی گئی تھی۔

بچی کے اہلخانہ اسے لاہور سروسز اسپتال لے کر آئے جہاں ہڑتالی ینگ ڈاکٹرز نے اس کا علاج کرنے سے انکار کردیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ آپریشن تھیٹر بند ہے، ہاتھ سے گولی نہیں نکال سکتے۔

بچی کی نانی اور والدہ اسپتال کے باہر دہائی دیتی رہیں مگر کوئی ان کی شنوائی کو نہ آیا۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت کے بلند و بانگ دعووں کے باوجود پنجاب کے اسپتالوں میں مریضوں سے غفلت برتے جانے یا انہیں سہولیات کی عدم فراہمی کے واقعات عام ہیں۔

چند روز قبل قصور کی رہائشی، دل کی مریضہ 60 سالہ زہرہ بی بی جناح اسپتال کی راہداری میں ٹھنڈے فرش پر علاج کے باعث دم توڑ گئی تھی۔

زہرہ بی بی کو اسپتال میں بیڈ نہ ہونے کے سبب فرش پر لٹا کر ڈرپ لگا دی گئی۔ سردی لگنے کے باعث مریضہ کی حالت بگڑ گئی اور 10 گھنٹے بعد وہ دم توڑ گئی۔

واقعے پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی جس نے ملوث افراد کو کلین چٹ دے دی، تاہم بعد ازاں اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد اسپتال کے ایم ایس اور ڈاکٹرز کو معطل کردیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں