کراچی: سندھ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کیلئے چین سے مزید 100 بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ گئیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کی چین سے مزید 100 بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز پیپلز بس سروس کے روٹ ون کا آغاز ہوگیا ہے، انشاء اللہ یکم جولائی کو روٹ – 2 پر بھی لال بسیں دوڑتی نظر آئیں گی جبکہ دو ماہ کے اندر کراچی کے تمام سات روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے شہریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے پر تیزی سے گامزن ہے، پیپلز بس سروس کے آغاز کے بعد بہت جلد اورنگی کے شہریوں کےلئے اورینج لائن کا بھی آغاز کردیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ مجموعی طور پر پیپلز بس سروس کی 240 جدید بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں، کراچی کے شہریوں سے وعدہ ہے، ایک دو سال میں پی پی حکومت ہزاروں بسیں لائے گی۔چین اور ترکی کی دو کمپنیوں سے کراچی میں بسوں کے مینیوفیکچرنگ پلانٹ لگانے پر پیش رفت ہوئی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بسوں کا کریڈٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری پیپلز بس سروس کو کامیاب کریں اور ان کی حفاظت کریں۔