نوشکی: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدارمیں بارود اورتیاربموں کی بڑی تعداد برآمد کرلی۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں افغان سرحد سے ملحقہ علاقے میں سیکورٹی ادارے اور ایف سے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور پینتالیس تیار بم برآمد کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد مذکورہ بارود اوربم افغانستان سے لائے تھے جن کے ذریعے صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی جانی تھی۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرسوری میں سیکورٹی فورسزپرحملہ کرنے کے لئے نصب کیا جانے والا دیسی ساختہ بم بھی ناکارہ بنادیا گیا۔
فرنٹئیر کور فورسز کے ترجمان کے مطابق دہشت گرد سیکورٹی فورسزکونشانہ بناناچاہتے تھے تاہم ان کا یہ منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔