گرمی کا 103 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور ایک ہی دن میں 5 اموات ریکارڈ کی گئیں اس سے قبل 1921 میں اتنی گرمی پڑی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ میں حال ہی میں ختم ہونے والے ماہ اپریل میں اتنی شدید گرمی پڑی کہ 103 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اس ماہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق اس سے قبل 1921 میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آگے بھی گرمی کی شدت میں اضافے کو خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے پانچ دنوں میں ملک کے کئی حصوں میں موسم مزید گرم ہو جائے گا اور اس دوران ملک کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرم ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے ذرائع نے پیشگوئی کی ہے کہ مئی میں گرمی کا نیا ریکارڈ بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ تلنگانہ ریاست گرمی اتنے عروج پر پہنچ گئی ہے کہ سورج آسمان سے آگ برساتا محسوس ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مختلف اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے جب کہ حیدرآباد اور میدک اضلاع کے لیے ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پیر کو بھی سن اسٹروک کی وجہ سے 5 افراد کی موت ہو گئی تھی۔
دوسری جانب شدید گرمی نے بھارتی حکام کی نیندیں اڑا دی ہیں کیونکہ الیکشن حکام کا کہنا ہے بڑھتے درجہ حرارت کی وجہ سے دوسرے مرحلے کی پولنگ متاثر ہوئی اور ووٹنگ کے اگلے پانچ مراحل پر بھی گرمی اثر انداز ہو سکتی ہے۔