راولپنڈی : لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ لکی مروت میں کیپٹن محمدفرازکی شہادت کےبعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فورسز کی کارروائی میں11دہشت گردمارےگئے اور دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فورسز دہشت گردی کے خاتمےکیلئے پر عزم ہیں۔
مزید پڑھیں : لکی مروت میں آئی ای ڈی دھماکے میں کیپٹن سمیت 7 جوان شہید
یاد رہے 2 روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہونے والوں میں کیپٹن محمد فراز، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسداللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود شامل ہیں۔