کابل: افغانستان کے صوبے قندھار میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افٓغان صوبے قندھار میں طالبان کی جانب سے دو کار بم دھماکوں کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے، طالبان حملے میں 40 اہلکاروں سمیت 60 افراد زخمی ہوئے۔
افغان میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پولیس اہلکار اور 7 شہری بھی شامل ہیں، پولیس اور طالبان میں 2 گھنٹے تک جھڑپ جاری رہی۔
قندھار پولیس چیف تدین خان کے مطابق کار بم دھماکوں کے بعد طالبان کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک دھماکے کے بعد یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے اور فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔
مزید پڑھیں: افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں، 20 افغان کمانڈوز ہلاک
صوبائی گورنر کے ترجمان کے مطابق طالبان کے حملے میں پولیس اہلکار اور عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں، ہلاک و زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
قندھار اسپتال کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ 83 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے جن میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے۔
دوسری جانب طالبان کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پولیس اسٹیشن کو دھماکوں سے نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان صوبے بادغیس میں طالبان نے افغان کمانڈوزپر گھات لگا کر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 20 افغان کمانڈوز ہلاک ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل افغان صوبے قندھار میں ہونے والے دھماکے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔