تبلیسی : جارجیا کے ایک شہر میں 12 بھارتی باشندوں کی پراسرار موت کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آّیا ہے، جن کی لاشیں ایک ریسٹورنٹ کے کمرے سے برآمد ہوئیں۔
امریکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق جارجیا کے پہاڑی تفریحی مقام گڈوری میں جارجیا کے پہاڑی تفریحی مقام گڈوری کے ایک ریسٹورنٹ میں 12 بھارت شہری مردہ حالت میں پائے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جارجیا کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فی الحال مرنے والوں کے جسموں پر کسی قسم کے زخموں یا تشدد کے آثار نہیں ملے۔
بھارتی سفارت خانے کے تبلیسی میں جاری کیے گئے ایک پریس ریلیز کے مطابق ان میں سے 11 افراد کی شناخت بھارتی شہریوں کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی میڈیا نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ تمام متاثرین کی موت کاربن مونو آکسائیڈ گیس کی وجہ سے ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ افراد ایک عمارت کی دوسری منزل پر واقع ایک بھارتی ریسٹورنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
مرنے والے تمام افراد اس بھارتی ریسٹورنٹ میں ملازمت کرتے تھے اور ان کی لاشیں دوسری منزل پر واقع بیڈ روم سے ملی ہیں۔
تاہم امرتسر سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گرجیت سنگھ اوجلا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان تمام 12 افراد کا تعلق پنجاب سے تھا۔
جارجیا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بیڈ رومز کے قریب ایک الیکٹرک جنریٹر بند جگہ پر رکھا گیا تھا جسے غالباً جمعہ کی رات بجلی کی سپلائی منقطع ہونے کے بعد آن کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان اموات کی اصل وجہ جاننے کے لیے فرانزک تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
کاربن مونو آکسائیڈ گیس کیا ہے؟
کاربن مونو آکسائیڈ (سی او) ایک بے رنگ، بے بو اور بے ذائقہ گیس ہے جو انتہائی زہریلی ہے۔ یہ جسم کے لیے انتہائی خطرناک ہے کیونکہ یہ خون میں آکسیجن پہنچانے کے عمل میں خلل ڈالتی ہے۔
سی او گیس سانس کے ذریعے پھیپھڑوں میں داخل ہوتی ہے، سی او ہیموگلوبن کے ساتھ جڑتا ہے اور کاربوکسی ہیموگلوبن بناتا ہے جس کی وجہ سے دماغ اور دل جیسے آکسیجن پر منحصر اعضاء سب سے پہلے متاثر ہوتے ہیں، دماغ میں آکسیجن کی کمی سے چکر آنا، بے ہوشی اور اس کے بعد موت کا سبب بھی بنتی ہے۔