بھارت میں 12 سالہ بچی زپ لائن اچانک ٹوٹنے سے 30 فٹ نیچے آگری۔
بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں 12 سالہ بچی تریشا ہیجوے زپ لائن سے محظوظ ہورہی تھی جب رسی درمیان میں ہی ٹوٹ گئی جس کی وجہ سے وہ نیچے پتھروں پر آگری۔
تریشا اہلخانہ کے ساتھ مشہور ہل اسٹیشن منالی میں چھٹیاں گزار رہی تھیں جب یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
تریشا کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے متعدد فریکچر آئے، حال ہی میں اس کی سرجری ہوئی تھی اور اب اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
اہلخانہ نے زپ لائن آپریٹرز کی جانب سے سنگین غفلت کا الزام لگایا ہے، اور دعویٰ کیا ہے کہ وہ بنیادی حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرنے میں ناکام رہے۔ وہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے اور صارفین ایڈونچر پارک میں حفاظتی معیارات پر غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔