مالی: افریقی ملک مالی میں دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 13 فرانسیسی فوجی ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی ہیلی کاپٹر کو حادثہ افریقی ملک مالی میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران پیش آیا، حادثے میں دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 13 فرانسیسی فوجی ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند سالوں میں فرانس کے 4500 فوجی مالی کے قصبے ساحل میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں اور افریقی فوجیوں کو تربیت دے رہے ہیں۔
مالی میں 2013 سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران سے اب تک فرانسیسی فوج کو یہ سب سے بڑا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔
فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں فوج کے 6 اعلیٰ افسر شامل ہیں، افسران افریقی فوج کو فضائی طور پر سہولت فراہم کررہے تھے۔
یاد رہے کہ تین ہفتے قبل بھی مشرقی مالی میں ایک فرانسیسی فوجی سڑک کنارے نصب بم پھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا تھا۔