ریاض: سعودی عرب میں موبائل فون کے ذریعے شہریوں سے فراڈ کرنے والے 13 پاکستانیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہریوں کو بے وقوف بنا کر اُن کے بینک اکاؤنٹس اور کوائف کی تصدیق کر کے رقم چرانے والے گروہ کے کارندوں کو دو علیحدہ علیحدہ شہروں سے حراست میں لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق موبائل اسکیم میں ملوث گروہ کے اراکین سعودی عرب میں مقیم شہریوں کو ایس ایم ایس یا کال کر کے خودکو بینک کا نمائندہ ظاہر کرتے اور پھر اُس سے تمام تفصیلات، شناختی کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ نمبر وغیرہ حاصل کرلیتے تھے۔ ملزمان نے کئی شہریوں کے پیسے اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیے یا اُن سے خریداری کی۔
مزید پڑھیں: جدہ، لڑکوں کو چھیڑنے پر پاکستانی خواتین گرفتار
پولیس نے پہلی کارروائی مکہ میں کی جہاں سے 9 پاکستانیوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ دوسری کارروائی قصیم کے علاقے میں کی گئی جہاں سے چار افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گروہ کے خلاف شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہورہی تھیں جس کے بعد مانیٹرنگ کا آغاز کیا گیا۔ ضلعی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے افراد کی شناخت کو ظاہر نہیں کیا جائے گا البتہ حراست میں لیے گئے افراد کی عمریں تیس سے 60 برس کے درمیان ہیں جن کے قبضے سے موبائل فونز، سم کارڈز اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا۔