لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور ڈیرہ غازی خان میں آپریشن ردالفساد کے دوران دہشت گردوں کے7 سہولت کار سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے 7 سہولت کار گرفتار کرلیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتارسہولت کاربھتہ خوری میں بھی ملوث تھے۔
دوسری جانب لاہور میں پنجاب رینجرز ، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسی کی کارروائی کے دوران 2 غیرقانونی مقیم افغان شہریوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار ملزمان سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی‘ 10 دہشت گرد ہلاک
یاد رہے کہ گزشتہ روزسیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے قریب زندہ پیر کے علاقے میں کارروائی کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
سیکورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیے تھے۔
بلوچستان، کالعدم تنظیم کے دوکمانڈرز سمیت 12 دہشت گرد گرفتار
واضح رہے کہ تین روز قبل بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے دو اہم کمانڈرز سمیت 12 دہشت گردوں کو حراست میں لے کر بھاری مقدا میں اسلحہ اور گولیاں قبضے میں لے لی تھیں۔