راولپنڈی: 13سالہ گھریلو ملازمہ کی معمولی غلطی پر گھر کے مالک میاں بیوی آپے سے باہر ہوگئے آہنی راڈ سے بچی پر بدترین تشدد کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 13سالہ گھریلو ملازمہ اقرار سے معمولی غلطی ہونے پر راشد شفیق نامی شخص اور اس کی بیوی نے اسے آہنی راڈ سے انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا، مالکان ملازمہ کی حالت تشویشناک ہونے پر بینظیر بھٹو اسپتال چھوڑ کر فرار ہوئے۔
اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ملازمہ پر تشدد سے جسم کے مختلف حصوں میں فیکچر آئے ہیں، سر پر گہرے زخموں کے نشانات ہیں، تشدد سے ہاتھ پاؤں مڑ گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملازمہ کو ہرممکن طبی امداد دیکر جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملزمان نے تشدد کے بعد واقعے کو چھپانے کیلئے ملازمہ کو 3 دن تک بغیر طبی امداد کے گھر پر رکھا۔
پولیس نے بتایا کہ سی پی او خالد محمود ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیکر ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا، واقعے کا مقدمہ درج کرکے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔