میکسیکو سٹی: امریکی شہر لاس ویگاس سے میکسیکو آنے والا ایک نجی طیارہ شمالی شہر مانٹیری کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 14 مسافر ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طیارہ لاس ویگاس سے مونٹیری کے لیے روانہ ہوا مگر کچھ دیر بعد ریڈار سے غائب ہوگیا تھا، تباہ ہونے والے طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چھوٹے نجی طیارے میں 11 مسافر اور عملے کے تین افراد موجود تھے۔
میکسیکو کی ریاست کواہویلا کے ایمرجنسی شعبے کے عہدیدار فرنینڈو اورٹا نے کہا کہ تباہ ہونے والے طیارے کا ملبہ ہوائی جہاز کی مدد سے تلاش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طیارہ سرحدی ریاست کے شہر مونکولفا کے شمال مغرب میں 208 کلو میٹر دور گر کر تباہ ہوا۔
مزید پڑھیں: روس کے مسافر طیارے میں آگ لگنے سے 41 افراد ہلاک
طیارے میں سوار تمام افراد ہفتے کو لاس ویگاس میں منعقدہ باکسنگ میچ میں شرکت کے لیے جارہے تھے، باکسنگ میچ سول الروریز اور ڈینئل جیکبس کے درمیان کھیلا جانا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل روسی دارالحکومت ماسکو میں ہوائی اڈے پر مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران آتشزدگی کے نتیجے میں 41 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
آتشزدگی کے واقعے میں مرنے والوں میں دو بچے اور فلائٹ اٹینڈینٹ سمیت 41 افراد شامل تھے، متاثرہ طیارہ روس کے شہر ماسکو سے مرمانسک جا رہا تھا۔
روسی حکام کا کہنا تھا کہ طیارے کے پائلٹ نے ٹیک آف کے فوری بعد واپس لینڈنگ کی اجازت مانگی تھی یہ واضح نہیں ہے کہ طیارے میں آگ کیسے لگی اور اسے ہنگامی لینڈنگ کیوں کرنا پڑی تھی۔