اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کے ساتھ ہی 24 گھنٹوں میں 15 ہیلتھ ورکرز کورونا کا شکار ہوگئے، جس کے بعد متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 16ہزار698 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا سے لڑنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز وائرس کے نشانے پر آگئے، 24 گھنٹے میں ملک میں 15 ہیلتھ ورکرز میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی ، جس کے بعد ملک میں کوروناسے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 16ہزار698 ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹےمیں 6 ڈاکٹرز، 5نرسز،اسپتال ملازمین کورونا مثبت آئے جبکہ اب تک 9978 ڈاکٹرز،2382 نرسز،4338 ہیلتھ اسٹاف کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں تاحال 164 ہیلتھ ورکرز کورونا سے جاں بحق اور 16196 ہیلتھ ورکرز کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں، جبکہ 320 ہیلتھ ورکرز گھر اور 18 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
ذرائع کے مطابق کورونا سےمتاثرہ،جاں بحق بیشتر ہیلتھ ورکرز کا تعلق سندھ سے ہے، سندھ میں 5877 ہیلتھ ورکرز کورونا مثبت اور 57 جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اسی طرح پنجاب میں کورونا سے متاثر ہونے والے ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3477، کے پی میں 3969، اسلام آباد میں 1522 ، گلگت میں 256 اور بلوچستان میں 845 ہے جبکہ آزادکشمیر میں 752 ہیلتھ ورکرز کورونا پازیٹو ہیں۔
پنجاب میں اب تک 29 ہیلتھ ورکرز ، کےپی میں 44 ہیلتھ ورکرز، گلگت میں3ہیلتھ ورکرز، بلوچستان میں 9 اور آزادکشمیر میں بھی 9ہیلتھ ورکرز جاں بحق ہوچکے ہیں۔