لاہور : پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم اور توڑپھوڑ کے الزام میں15 نامزد اور 100 نامعلوم افراد کے خلاف 3 مقدمات درج کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ پنجاب میں گزشتہ روز دو طلبہ تنظیموں کے درمیان ہونے والے تصادم اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں لاہور کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرلیے گئے۔
مقدمات میں 15 نامزد اور100 نامعلوم افراد کے خلاف 3 مقدمات درج کرلیے گئے جن میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم کا پہلا مقدمہ چیف سیکیورٹی آفیسرکرنل (ر)عبید کی مدعیت میں جبکہ دوسرا مقدمہ ایس ایچ اونواں کوٹ خواجہ حسن اورتیسرا مقدمہ ایس ایچ او ساندہ ملک تیمور کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
دوسری جانب ترجمان پنجاب یونیورسٹی نے گزشتہ روزجھگڑا کرنے والے طلبہ گروپوں کے35 افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کرنے کا مراسلہ جاری کردیا۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق واقعے میں ملوث طلبہ کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کریں گے جبکہ طلبہ کے خلاف ایف آئی آردرج کرادی گئی۔
طلبہ تنظیموں میں تصادم: جامعہ پنجاب میدان جنگ بن گئی، متعدد زخمی
یاد رہے کہ گزشتہ روز طلبہ تنظیموں میں تصادم سے جامعہ پنجاب میدان جنگ بن گئی تھی، واقعے میں دس افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔