سکما : بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں فورسز نے قبائلی برادری کے خلاف پر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سرچ آپریشن کے نام پر 16 قبائلیوں کو ہلاک کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے بڑے پیمانے پر نکسل مخالف آپریشن کے دوران ریاست کے سکما ضلع کے کیرلپال میں کم از کم سولہ قبائلی ارکان کو ہلاک کر دیا، بھارتی فورسز کا دعویٰ ہے کہ یہ علیحدگی پسند نکسالی تھے۔
ایک افسر نے بتایا کہ جمعہ کی رات کیرلاپال کے علاقے میں شروع کیے گئے آپریشن میں ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (ڈی آر جی) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار شامل ہیں۔
انہوں نے کہا آپریشن والے مقام سے اب تک 16 نکسلیوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔
یاد رہے کہ 20 مارچ کو بھی بھارتی فورسز نے چتھیس گڑھ کے ضلع بیجاپور اور دانتے واڑہ میں دو مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کے نام پر 30 قبائلیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
تازہ ترین کارروائی کے ساتھ رواں برس اب تک ریاست میں 162 قبائلی افراد کو ہلاک کیا جا چکا ہے ۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-ماؤسٹ (سی پی آئی-ماؤسٹ) اور دیگر سول سوسائٹی گروپوں نے ان افراد کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی کئی ریاستوں میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور امتیازی سلوک کے خلاف مسلح جدوجہد جاری ہے اور ایسی تمام تحریکوں کا مقصد بھارت کے تسلط سے آزادی حاصل کرنا ہے۔