کراچی : محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے مزید16مریض صحت یاب ہوگئے جبکہ مقامی منتقلی کے45نئے کیس رپورٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں کوروناوائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 986 ہے، حیدرآباد ،شہیدبینظیرآباد سے ایک ایک کیس ر پورٹ ہوا۔
محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں مقامی منتقلی کے45نئے کیس اور ٹنڈو محمد خان میں مقامی منتقلی کے7کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کراچی میں مزید16مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔
سندھ میں کوروناوائرس سے جاں بحق افرادکی تعداد18ہے، جن میں سے 16 کا تعلق کراچی اوردوکاحیدرآباد سے ہے۔
ترجمان کے مطابق صوبہ میں کوروناوائرس سےمتاثر 662 افراد زیرعلاج ہیں جبکہ اب تک نو ہزار سات سو تیرا افراد کے ٹیسٹ لئے جا چکے ہیں ۔
خیال رہے ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدا د3766 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 54 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 259 افراد اس خطرناک وائرس سے صحتیاب ہوئے۔
وزیرصحت سندھ عذراپیچوہو نے عالمی یوم صحت پر ڈاکٹرز اور طبی عملےکوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹرز،پیرامیڈکس اور لیب ٹیکنیشنزہمارےفرنٹ لائن ہیروزہیں۔
عذراپیچوہو نے کوروناسےلڑتےہوئے جان دینےوالےڈاکٹرعبدالقادرسومروکو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔