اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

داسو واقعہ: وزیراعظم کا چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے داسو واقعے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چینی ہم منصب کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم نے داسو واقعہ میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ پاکستان حکومت متاثرہ چینی خاندانوں کےغم میں برابرکی شریک ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے، دشمن قوتوں کوبرادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانےکی اجازت نہیں۔

- Advertisement -

ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم نے چینی وزیراعظم کو بتایا کہ پاکستان زخمیوں کوبہترین طبی سہولتیں فراہم کررہاہے، افسوسناک واقعےکی تحقیقات کیلئےتمام کوششیں بروئےکارلائی جائینگی۔

گذشتہ روز وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ داسو واقعے کی ابتدائی تفتیش میں بارودی مواد کی تصدیق ہوگئی ہے ، واقعہ میں دہشت گردی کے عنصر سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ذاتی طور پر پیشرفت کی نگرانی کر رہے ہیں ، حکومت چینی سفارتخانے کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، ہم مل کر دہشت گردی کے لعنت سے لڑنے کے لئے پرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: داسو پاور پراجیکٹ کی بس کو حادثہ : پاکستان نے باردوی مواد کے استعمال کی تصدیق کردی

دو روز قبل پاکستان میں چینی سفارتخانے کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ داسو پاور پراجیکٹ کی بس پر دھماکہ ہوا، حادثے میں 9 چینی باشندے اور 3 پاکستانی باشندے جاں بحق ہوئے۔

چینی سفارتخانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے، حادثے کے فوری بعد چینی سفارتخانے نے ہنگامی بنیادوں پر پاکستانی وزارت خارجہ وزارت داخلہ اور پاکستانی فوج سے رابط کیا ، جس میں پاکستانی متعلقہ حکام سے معاملہ کی فوری تحقیقات اور پاکستان میں چینی پراجیکٹس کی سیکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیا۔

چینی سفارتخانہ نے مطالبہ کیا تھا کہ پاکستان اس حادثے کی تحقیقات کر کے سچ سامنے لائے، چین حادثے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں