کراچی میں پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پانچ روزہ 16 واں سالانہ بین الاقوامی کتب میلہ سج گیا جو تین جنوری تک جاری رہے گا۔
علم و ادب کے مسکن، روشنیوں کے شہر کراچی میں ایک مرتبہ عالمی کتب میلے کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا افتتاح وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سردار علی شاہ، معروف ادیب انور مقصود سمیت دیگر اہم شخصیات نے کیا۔
سولہواں سالانہ بین الاقوامی کتب میلہ کراچی کے ایکسپو سینٹر کے تینوں ہال میں سجایا گیا ہے، جس کا سفر سنہ 2005 میں شروع ہوا تھا اور آج تک جاری ہے۔
کتب میلے میں 330 سے زائد اسٹال لگائے جائیں گے جہاں تمام موضوعات پر انتہائی کم قیمت میں کتابیں دستیاب ہیں، میلے میں پاکستان سمیت ترکی، سنگاپور، چین، ملایئشیا، برطانیہ، متحدہ امارات سمیت دیگر ممالک کے پبلیشرز شرکت کریں گے۔
عالمی کتب میلے میں سترہ ممالک کے چالیس ادارے حصّے لے رہے ہیں جب کہ پاکستان سے بھی 137 نامور پبلشرز نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں۔
اس بڑے کتب میلے کا آغاز صبح دس بجے ہو گا اور علم و ادب اور کتب بینی کا شوق رکھنے والے رات 9 بجے تک میلے میں سجائے جانے والے اسٹالز سے اپنی دلچسپی اور پسند کے موضوعات پر کتابیں خرید سکیں گے
انور مقصود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب میں دو لوگ ہیں سردار اور دوسرے پیر اور دونوں کی اصل زندگی میں تعلیم سے کوئی واسطہ نہیں لیکن ہماری خوش نصیبی ہے کہ ایک وزیر تعلیم ہیں اور ایک رہے ہیں۔
ایکسپو سینٹر میں سولہویں عالمی کتب میلے کی افتتاحی تقریب میں عزیز خالد چیئرمین پی پی بی اے، صدر آرٹس کونسل احمد شاہ، مصنف انور مقصود اور ادیبہ فاطمہ حسن اور سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق اور موجودہ وزیرتعلیم سردار شاہ نے شرکت کی۔