لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والے، لاہور سے گرفتار 17 پارٹی کارکنان کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری پر جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر گرفتار کیے گئے تحریک انصاف کارکنوں کو پیش کیا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج عبہر گل نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت میں پیش کیے گئے کارکنان میں قصور سے گرفتار وقاص طالب، سمیر عادی اور شیر افگن سمیت 17 کارکنان شامل تھے۔
عدالت نے تمام کارکنان کی 27 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔
عدالت نے ملزمان کو 1، 1 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا بھی حکم دیا ہے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
امن عامہ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 3 روز کے دوران ملک بھر سے پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور سینکڑوں عام کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار کیے گئے کارکنان پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت متعدد مقدمات قائم کیے جا چکے ہیں۔