ابوظبی : اماراتی کی ریاست راس الخیمہ میں ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 17 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ اُس وقت پیش آیا جب اماراتی نوجوان تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل پر کنٹرول کھو بیٹھا تھا۔
حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی عمر 17 برس بتائی گئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے نوجوان کو حادثے کے فوراً بعد اسپتال طبی امداد کےلیے منتقل کردیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق 17 سالہ موٹرسائیکل موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اُس کے پیچھے بیٹھنے والا دوست حادثے میں شدید زخمی ہوا، زخمی ہونے والے نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
راس الخیمہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت سلطان محمد کے نام سے ہوئی ہے جس المسافی اسکول میں گریڈ 12 میں زیر تعلیم تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلطان تیز رفتاری کے ساتھ بائیک چلا رہا تھا کہ اچانک کنٹرول کھو بیٹھا جس کے باعث بائیک پلٹ گئی اور کافی دور پر کلابازیاں کھاتی گئی جو اس کی موت کا باعث بنی۔
واضح رہے کہ 9 نومبر کو متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 42 سالہ خاتون جاں بحق اور ان کی بہن زخمی ہوگئی تھیں۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے، رواں سال اپریل میں شارجہ میں سوڈانی سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔