ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی کونسل کی میئر شپ کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر خطاب شیرانی پر صبح گھر کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، ڈی آئی خان سٹی کونسل کی میئر شپ کے امیدوار عمرخطاب شیرانی کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے تھا۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے حادثے پر پہنچی اور عمر خطاب شیرانی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کیا جبکہ جائے واردات سے شواہد بھی اکٹھے کئے۔
عوامی نیشنل پارٹی ڈیرہ اسمعیٰل خان کے صدر اور نامزد امیدوار برائے تحصیل عمر خطاب شیرانی کو گذشتہ شب اس وقت شہید کیا گیا جب وہ انتخابی مہم چلا رہے تھے۔
انا للّٰہ و انا الیہ راجعون pic.twitter.com/fbIqr8kxkQ— Awami National Party (@ANPMarkaz) December 18, 2021
فائرنگ کا واقعہ کے پی کے کے 17 اضلاع میں انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد پیش آیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی الیکشن کے لئے زور وشور سے اپنے مہم جاری رکھی تھی اور کئی سرکردہ رہنماؤں نے بڑے بڑے عوام جلسوں سے خطاب بھی کیا۔
عمرخطاب شیرانی کے قتل کے بعد ان کے علاقے میں سوگ کا سماں ہیں جبکہ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
Omar Khitab Sherani , ANP Candidate for Tehseel Mayor of DI Khan has been shot dead in front of his house !! We want justice and we want it now . This cannot go on any more
— Samar Haroon Bilour (@SamarHBilour) December 18, 2021
اے این پی کےسٹی میئر امیدوار عمرخطاب شیرانی کےقتل کے خلاف وکلا، اےاین پی عہدیداروں اور کارکنوں نے سخت احتجاج کیا اور ٹاؤن ہال کے آگے لاش روڈپر رکھ کر احتجاج کیا۔
مظاہرین نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی قیادت کو تحفظ فراہم کرنےمیں ناکام ہوچکی ہے۔
عمرخطاب شیرانی ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے بھی ممبر تھے، ان کے بہیمانہ قتل پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن و ہائیکورٹ بار نے سوگ کا اعلان کر دیا ہے، جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ آج وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے۔
واضح رہے کہ پولنگ کل ہوگی، جن اضلاع میں بلدیاتی انتخاب ہونے جارہا ہے، ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ شامل ہیں۔
مجموعی طور پر 66 تحصیل کونسلز اور 2382 نیبر ہڈ اور ویلج کونسل کی نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی۔ ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 662 ووٹرز حق رائے دیہی استعمال کریں گے۔