کراچی : شہر قائد ایک بار پھر زلزلے کی زد میں ہے ، آج بھی 2 بار زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کی شدت 2.8 سے 2.5 کے درمیان تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اچانک زلزلوں کی زد میں آگیا، آج بھی مختلف علاقوں میں دو بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
پیما مرکز نے بتایا زلزلے کے جھٹکے 9 بجکر 57منٹ پرمحسوس کیے گئے، جس کی شدت 2.8 ریکارڈ کی گئی۔
پیما مرکز کا کہنا تھا کہ زلزلے کا مرکز ملیر جنوب مشرقی میں 15 کلومیٹرکے قریب تھا جبکہ گہرائی 40 کلومیٹرتھی۔
دوسری بار 11بجکر34منٹ پر زلزلہ محسوس کیاگیا، جس میں زلزلے کی شدت 2.5 اور گہرائی 30 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ کا مرکز ڈی ایچ اے کے شمال مشرق میں 15 کلومیٹرکے فاصلے پر تھا، اتوار سے ابتک شہرمیں 19 بار زلزلہ محسوس کیا جاچکا ہے۔
اتوارکی شام سے پیر کی رات تک مختلف علاقوں میں متعدد بار زلزلے کے جھٹکے آئے، ملیر ،قائد آباد، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی اور گڈاپ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں زلزلے کیوں آرہے ہیں؟ چیف میٹرولوجسٹ نے وجہ بتادی
شاہ لطیف، بھینس کالونی پورٹ قاسم کے اطراف میں بھی زلزلہ آیا، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 3.2 سے 3.6 کے درمیان رہی جبکہ گہرائی دس کلومیٹر تھی۔
زلزلےکےباعث شہریوں میں خوف وہراس پھیلا اور وہ اپنے گھروں ،دفاتر اورفیکٹریوں سےباہر نکل آئے۔
اتوارکی شام کو آنے والے زلزلے کا مرکز قائد آباد تھا جبکہ پیر کی صبح آنے والے زلزلے کا مرکزگڈاپ تھا۔
ماہرین کے مطابق یہ زلزلے کےجھٹکےلانڈھی فالٹ ریجن میں آرہے ہیں، جن کی نوعیت معمولی ہے، فالٹ لائن کو معمول پر آنے میں چند دن لگ سکتے ہیں، آئندہ کچھ روز تک جھٹکے محسوس کیے جاسکتے ہیں ۔۔