جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

190 ملیں پاؤنڈ کیس: ملزمان کی سزا معطلی کی درخواستوں پر اعتراضات دور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیے گئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آفس اعتراضات دور کرتے ہوئے ڈائری نمبر لگانے کی ہدایت کی۔ قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔

سزا معطلی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی گئی جس میں پٹیشنرز کی جانب سے وکلا پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کیلیے مقرر

وکیل نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے جو اعتراض لگایا یہ کبھی پہلے نہیں دیکھا، سزا معطلی اور ضمانت کی اپیلوں پر ایسے اعتراضات اسلام آباد، لاہور یا کسی ہائیکورٹ میں نہیں ہوتے۔

قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ نمبر لگ جائے تو پھر ہی اپیلیں مقرر کریں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

یکم مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 14 سال قید کی سزا کے خلاف عمران خان کی اپیل کی سماعت رواں سال نہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

رجسٹرار آفس نے عمران خان کی اپیل مقرر کرنے کے حوالے سے تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی تھی۔ تحریری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی کی اپیل اس سال مقرر ہونے کا کوئی امکان نہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق زیرِ التوا کیسز اور اپیلوں کو نمٹایا جائے گا، اس وقت سزا یافتہ مجرموں کی 279 اپیلیں زیرِ التوا ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ میں سزا کیخلاف اپیلیں صرف اپنے نمبر پر ہی سماعت کیلئےمقرر ہوں گی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سزائے موت کیخلاف 63 اور عمر قید کی سزا کے خلاف 73 اپیلیں زیر التوا ہیں، سات سال سے زائد قید کی 88 جبکہ سات سال سے کم قید کی 55 اپیلیں زیر التوا ہیں، سزائے موت کے خلاف سب سے پرانی زیر التوا اپیل 2017 کی ہے اور اپیلیں دائر ہونے کے بعد اپنی اپنی باری پر مقرر ہوتی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی 14 سال قید کی سزا کے خلاف اپیل 31 جنوری 2025 کو دائر کی گئی تھی جو ابھی موشن اسٹیج پر ہے۔

تحریری رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اپیل پر پہلے پیپر بکس تیار ہوں گی، اس کے بعد اپیل اپنے نمبر پر لگائی جائے گی اس لیے نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کی ڈائریکشنز کے مطابق 2025 میں مقرر ہونے کا امکان نہیں ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں