راولپنڈی : 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی موجودگی میں پرویز خٹک بیان ریکارڈ کرادیا، بیان کے دوران بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں مسکراتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے ، نیب ٹیم پراسیکیوٹر جنرل سردارمظفر عباسی کی سربراہی میں اور بانی پی ٹی آئی کےوکیل عثمان گل، ظہیرعباس اور خالد چوہدری بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت پرویز خٹک اور بانی پی ٹی آئی آمنے سامنے آگئے، اہم گواہ پرویز خٹک بیان ریکارڈ کرایا۔
پرویزخٹک کے بیان کے دوران بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں مسکراتے رہے، پرویزخٹک نےبیان دیا کہ نیب نے مئی 2023میں 190 ملین پاؤنڈ کے حوالے سے بیان لیا، شہزاد اکبر نے کابینہ کو بتایا تھا پاکستان سے باہر بھجوائی رقم برطانیہ میں پکڑی گئی، پکڑی گئی رقم پاکستان کو واپس کی جائے گی۔
سابق رہنما نے کہا کہ یہ معاملہ کابینہ ایجنڈے پر نہیں تھا،میٹنگ میں ایڈیشنل ایجنڈےکے طور پر لایا گیا،ایڈیشنل ایجنڈے پر مجھ سمیت دیگر کابینہ اراکین نےاعتراض کیا تھا۔
کابینہ میں رقم کے حوالے سے کاغذات بندلفافے میں پیش کئے گئے، ایڈیشنل ایجنڈے کی منظوری کابینہ سے لی گئی، ریفرنس کے تفتیشی نے بتایا ایجنڈے کیساتھ ایک تحریر بھی تھی، تحریر تھی کہ رقم پراپرٹی ٹائیکون کےمالک نےبرطانیہ منتقل کی تھی۔
آئندہ سماعت پروکلاء صفائی پرویزخٹک کے بیان پرجرح مکمل کریں گے، بعد ازاں سماعت تیرہ جولائی تک ملتوی کردی گئی ہے۔