ٹوکیو: جاپان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں مرنے والے افراد کی تعداد 199 ہوگئی جبکہ لاکھوں افراد بے گھرہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جاپان میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور تودے گرنے سے اب تک 199 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔
طوفانی بارشوں کے باعث سڑکیں زیرآب آگئیں جبکہ دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حدتک بلند ہوگئی ہے۔ امدادی کارکنان لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشنز میں مصروف ہیں۔
بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے ملک کے مغربی اور وسطی علاقوں سے لگ بھگ 20 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جاپان کے چند علاقوں میں ابھی بھی سیلاب آنے کا اندیشہ ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جاپانی محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ 30 سالوں میں سیلاب اور بارش کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔