لاہور: ملکی تاریخ میں پہلی بار شہریوں کی سہولت کے لیے کاغذات کے بغیر ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا سسٹم متعارف کرادیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سینٹرل پولیس آفس روالپنڈی کے اشتراک سے بڑی پیشرفت اُس وقت سامنے آئی کہ جب ملکی تاریخ میں پہلی بار شہریوں کی سہولت کے لیے بغیر کاغذات ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا سسٹم متعارف کروایا۔
اس سسٹم کو ’پیپرلیس ڈرائیونگ ایشوئنگ‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت شہری ون ونڈو سہولت سے لرنگ لائسنس بنوا سکتے جبکہ اپنے لائسنس کی تجدید بھی کرواسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے حصول یا تجدید کے لیے اب شہریوں کو تصاویر، پاسپورٹ یا فارم لانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ اپنا اصل شناختی کارڈ کی بنیاد پر لائسنس حاصل کرسکتے ہیں جس کی انہیں سرکاری فیس ادا کرنا ہوگی۔
یہ سسٹم ابتدائی طور پر راولپنڈی میں متعارف کروایا گیا ہے۔ پی آئی ٹی بی کے چیئرمین اظفر منظور کا کہنا تھا کہ یہ جدید نظام شفافیت کو یقینی بنانے، جعلی لائسنس کی روک تھام اور ایجنٹ مافیا کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوگا اور جلد ہی اس کے دائرہ کار کو بڑھا کر پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی اسے متعارف کروا دیا جائے گا تاکہ شہری باآسانی لائسنس حاصل کرسکیں۔