کراچی: پرانی سبزی منڈی کے قریب پولیس نے ایک کارروائی میں 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان سے ایک کلاشنکوف، پستول اور 2 دستی بم برآمد کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے پرانی سبزی منڈی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان گرفتار کر کے ان کے قبضے سے کلاشنکوف، پستول اور دو دستی بم برآمد کر لیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی ہے، ملزمان فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔
ادھر کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم گرفتار کر لیا ہے، ملزم نعمان سے 2 ڈیٹو نیٹر، ڈیٹونیٹنگ کارڈ اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ڈکیتیوں کے دوران پولیس موبائل اور وردی استعمال ہونے کا انکشاف
پولیس کے مطابق ملزم نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ کے لیے ریکی کی، ملزم فائیو اسٹار چورنگی پر ٹریفک اہل کاروں کے قتل میں بھی ملوث ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل شہر قائد میں فرقہ ورانہ کارروائیوں کی روک تھام کے لیے آئی جی سندھ نے ہدایت جاری کی تھی کہ نماز جمعہ کے اجتماعات کے موقع پر تمام مساجد اور امام بارگاہوں اور دیگر کھلے مقامات پر مستعد اور چوکنا حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
انھوں نے انٹیلی جنس کو علاقوں کی سطح پر بڑھانے کے بھی احکامات جاری کیے، اور ہدایت کی کہ تمام اطلاعات کو بر وقت فالو کیا جائے اور کسی بھی عذر یا پس وپیش سے گریز کیا جائے۔