کراچی: شہر قائد میں 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمن آباد پولیس نے تین سو وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
ملزمان نے دوران تفتیش تین سو سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزمان جہانزیب اور سمیر کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو دکان میں ڈکیتی کرتے دیکھا جا سکتا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
ادھر نیو کراچی صنعتی علاقے میں پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیےگئے ہیں، ملزمان سے دو پستول، گولیوں سے بھرا تیس بور کا میگزین اور موٹر سائیکل قبضے میں لے لی گئی۔
زخمی ڈاکوؤں کی شناخت 30 سالہ ممتاز ولد جان محمد اور 27 سالہ جمیل ولد وزیر علی عمر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایک اور کارروائی میں گڈاپ پولیس نے کراچی میں سپر ہائی وے پر وارداتیں کرنے والے وائٹ کرولا گینگ کے 4 کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزمان میں شاہ نواز، رفیق، کیشور اور کرم شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے 4 پستول اور ایک کار برآمد ہوئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ہائی وے پر پٹرول پمپ لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔