کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر سیون اے میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس کی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو ملزمان مارے گئے۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر فوری پہنچی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے واردات کے دوران گھر میں موجود شہریوں کو زخمی کیا، مارے گئے ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلیے پولیس کی نئی حکمت عملی
کراچی میں پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر اس پر قابو پانے کے لیے نئی حکمت عملی اختیار کرلی ہے۔ شہر میں غیر قانونی اسلحے کی ترسیل روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے آئی جی سندھ نے محکمہ انسداد دہشت گردی کو ٹاسک دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں بس اڈوں پر اندرون ملک سے اسلحہ لایا جاتا ہے، اسلحے کی کراچی ترسیل میں بعض بسوں کا عملہ بھی ملوث ہوتا ہے، شہر میں دیسی ساختہ غیر قانونی پستول 15 سے 20 ہزار میں دستیاب ہے۔
اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ریلوے کے بعض روٹ بھی غیر قانونی اسلحہ ترسیل کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، غیر قانونی اسلحہ اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور دہشت گردی میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں جو انٹیلی جنس معلومات پر کارروائیاں کریں گی۔