کراچی: چین سے 2 بلک کارگو بحری جہاز کل اور پرسوں کراچی پہنچ رہے ہیں، جس کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کے پی ٹی اجلاس میں گزشتہ روز فیصلہ کیا گیا ہے کہ چین سے آنے والے دونوں بلک کیریئر جہازوں کو آؤٹر اینکریج پر لنگر انداز کیا جائے گا۔
آؤٹر اینکریج پر جہاز پر کارگو کی فیومیگیشن اور اسپرے کو یقینی بنایا جائے گا، جہاز کے عملے کی مکمل اسکریننگ کی جائے گی، اور عملے کو پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس سلسلے میں کراچی پورٹ ٹرسٹ نے گزشتہ روز اہم اجلاس طلب کیا تھا، جس میں کے پی ٹی پر کارگو ہینڈلنگ سے پہلے تمام تر احتیاطی اقدامات کرنے پر اہم فیصلے کیے گئے۔
خیال رہے کہ چین سے دو بلک کارگو بحری جہاز منگل اور بدھ کو کے پی ٹی پہنچ رہے ہیں، چین سے آنے والے ایم وی امبر نامی بحری جہاز کل 17 مارچ کو کے پی ٹی پہنچے گا جب کہ 18 مارچ کو ایم وی وی ٹی سی گلوری پہنچے گا۔
خیال رہے کہ نہایت مہلک ثابت ہونے والا نیا کرونا وائرس چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلا، چین میں اب تک اس وائرس سے 3,213 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد 80,860 تک پہنچ گئی ہے۔ دنیا بھر میں پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ اب یہ پاکستان بالخصوص سندھ میں پنجے گاڑ چکا ہے اور صرف سندھ میں کرونا کے کیسز کی تعداد 76 ہو چکی ہے۔