اوچ شریف: جنوبی پنجاب کے شہر اوچ شریف میں بچے کی پیدائش کی خوشی میں کی جانے والی فائرنگ سے 2 بچے زخمی ہو گئے، پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے محلہ بخاری میں بچے کی پیدائش کی خوشی میں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 بچے شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے بچوں کی حالت تشویش ناک ہے جنھیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بچے کی پیدائش کی خوشی میں فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مہندی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، دو افراد ہلاک دو زخمی، دولہا فرار
یاد رہے کہ 13 اپریل کو شیخوپورہ میں مہندی کی تقریب میں بھی ہوائی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد دولہا اور اس کے دوست موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والے افراد دولہا کے عزیز و اقارب تھے، اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ فائرنگ شراب کے نشے میں دھت دولہا کے دوستوں کی جانب سے گئی۔