The news is by your side.

اراکین کراچی پریس کلب کے بچوں کیلیے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا انعقاد

کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے اراکین کراچی پریس کلب کے بچوں کے لیے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا انعقاد گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال میں کیا گیا۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمد رضوان بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری محمد اسلم خان،ممبر گورننگ باڈی خلیل احمد ناصر، سیداطہر حسین، منیر عقیل انصاری، نذیر احمد عباسی،عادل احمد،محمد عاصم بھٹی، سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن، کراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکاؤٹ کمشنر اور جامعہ کراچی کے ڈین فیکلٹی آف لاء جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز، سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید اختر میر، صوبائی خازن محمد حسین مرزا، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن فرقان احمد یوسفی، قاضی ناصر، گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر میں بچوں کو دو رزہ تر بیت دینے والے تربیتی اراکین (اسکاؤٹ لیڈرز ٹرینر) آصف محمود احمد مرزا، عالم صائم، مرزا شبیر مقصودی، عظمی وقار، نصرت فاطمہ، ناصر جمال، مصیب بیگ، سعید احمد اور جامعہ کراچی اسکاؤٹس لیڈر و ریسکیو اسپیشلسٹ انسٹر کٹر حمزہ مبین سمیت صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے اراکین کے بچوں کے لیے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا ہفتہ کی صبح آغاز کیا گیا۔ بچے دو روز تک خیموں میں رہے ہیں اور اس دوران بچوں نے عملی زندگی کے مراحل کا مشاہدہ بھی کیا۔ تربیت کے دوران بچوں کو معاشرے کا بہترین فرد بنانے کے لیے ان کی کردار سازی کے مختلف اْمور سے روشناس کرایا گیا۔

کیمپ میں شرکت کے لئے بچے ہفتہ کی صبح اور بچیاں اتوار کی صبح بڑے جوش وخروش کے ساتھ گلستان اسکاؤٹ پہنچے جہاں پر سینئر اسکاؤٹ لیڈرز نے بچوں کو تربیت فراہم کی ہیں۔ اس طرح کی تربیت بچوں کی ذہنی، جسمانی نشوونما کے لئے کارآمد ہوتی ہے۔ دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں 100 سے زاید بچوں جس میں 65طلبہ اور37طالبات نے شرکت کی۔

طلباء کو اسکاؤٹس کی بنیادی تربیت کے ساتھ بون فائر، کمانڈو ریس، ایمرجنسی ریسپانس، مسینجر آف پیس، ایڈوینچر ٹریل سمیت دیگر غیر نصابی سرگرمیاں کرائی گئیں۔

اسکاؤٹ کیمپ میں شریک طلبا کا کہنا تھا کہ یہاں آ کر ہمیں بہت مزہ آیا ہے اور بہت سی چیزیں سیکھنے کو ملیں ہیں،بچوں نے اس طرح کے مزید اسکاؤٹنگ کو جاری رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اسکاؤٹ کیمپ کے پہلے روز افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری سید اختر میر نے کہا کہ اسکاؤٹ کیمپ کا مقصد بچوں میں چھپی صلاحتیوں کو سامنے لانا ہے۔اسکاؤٹنگ بچوں میں نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور اصولوں کی پاسداری پیدا کرتی ہے جبکہ اس سے بچوں کو منفی سرگرمیوں سے بھی محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔اسکاؤٹنگ کا مقصد نوجوانوں کی جسمانی، ذہنی اور روحانی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر انہیں معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کرنا ہے۔

سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن اورکراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکاؤٹ کمشنر جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

انہوں نے کراچی پریس کلب کے اراکین بچوں کے لیے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کے کامیاب انعقاد پرکراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اسکاؤٹ لیڈرز کو سراہا،اور کیمپ کو کامیاب بنانے میں مدد کرنے والے تمام شراکت داروں اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں انبچوں کے والدین کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے بچوں کو اس کیمپ میں شرکت کی اجازت دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے دروازے معاشرے کے نوجوانوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کی انتظامیہ اسکاؤٹس لیڈرز کا شکریہ اد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تربیتی۔کیمپ کا بنیادی مقصد بچوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال یا آفت جیسے مشکل حالات میں جینے کا اعتماد اور حوصلہ دینا ہے، مجھے امید ہے کہ اس اسکاؤٹ کیمپ میں دو روز گزار کرجا نے والے طلباء کو عملی زندگی میں اس کا فائدہ ہوگااور بچوں میں لوگوں کے لیے خدمت کا جذبہ مزید ابھرے گا۔

سیکرٹری محمد رضوان بھٹی نے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ جسطرح انہوں نے کراچی پریس کلب کے اراکین کے بچوں کے لیے دو روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا ہے جس میں بچوں میں قائدانہ کردار، مل جل کر کام کرنے، خود انحصاری اور کئی اہم مہارتوں کے بارے میں تربیت فراہم کی ہیں،میں سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے تما م اراکین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب آئندہ بھی اپنے ارکین اور ان کے بچوں کے لیے اس طرح کی مزید ٹریننگ کیمپ،پکنک اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی۔ اسکاؤٹس کیمپ میں اتنی بڑی تعداد میں بچوں کی دلچسپی اور جوش و خروش بہت حوصلہ افزا ء ہے۔ اسکاؤٹنگ ایک بین الاقوامی تحریک ہے جو افراد کی ہمہ گیر تربیت خصوصا ً جسمانی، ذہنی اور جذباتی صلاحیتوں کو نکھارتی ہے۔

بعد ازاں کراچی پریس کلب کی جانب سے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن اور اسکاؤٹ کمشنرجسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز، صوبائی خازن محمد حسین مرزا کو اعزازی شیلڈ اور اجراک کا تحفہ پیش کیا،جبکہ صوبائی سیکرٹری سید اختر میر بیرون شہر ہونے کی وجہ سے ان کی شیلڈ اور اجراک ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن فرقان احمد یوسفی نے وصول کی۔

دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں تربیت دینے والے سینئر اسکاؤٹس لیڈر ز کو ان کی خدمت کے اعتراف میں انھیں سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا،اسی طرح کیمپ میں قابل ستائش خدمات انجام دینے والے اور تربیت حاصل کرنے والے بچوں کو اسناد دیے گئے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں