حب: بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے سمندری حدود سونمیانی کے قریب ماہی گیروں کی لانچ ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے سمندری حدود سونمیانی کے قریب کراچی کے ماہی گیروں کی لانچ ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، حادثے میں ڈوبنے والے 10 ماہی گیروں کی تلاش جاری ہے۔
محکمہ فشریز کے مطابق سمندر میں ڈوبنے والے 2 ماہی گیروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ لانچ کے پانچ ماہی گیر تیر کر ساحل پر آگئے ہیں۔
فشریز انسپکٹر شکور احمد کی نگرانی میں ڈوبنے والے 10 ماہی گیروں کو تلاش کیا جارہا ہے جبکہ لانچ میں 23 ماہی گیر سوار تھے۔
اطلاعات کے مطابق سمندری لہروں کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہونے والی لانچ مکمل طور پر سمندر میں ڈوب چکی ہے جبکہ ریسکیو کا عملہ سمندری لہروں کی وجہ سے لانچ کے قریب جانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ڈوبنے والے کشتی میں سوار 12 افراد کو بچالیا گیا ہے، ریسکیو کیے گئے افراد کو طبی امداد اور خوراک فراہم کی گئی ہے۔