کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت لیاری سے گینگ وار کے 2 اہم ملزمان شیر جان عرف جیلر اور بصیر بلوچ کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان قتل اور بھتہ خوری سمیت متعدد جرائم میں ملوث تھے۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے دو اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ شیر جان عرف جیلر اور بصیر بلوچ پولیس کے ساتھ مقابلوں، قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دیگر کئی سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق شیر علی عذیر بلوچ گینگ کا کمانڈر تھا جبکہ بصیر بابا لاڈلہ گروپ کا کارندہ تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق پیر آباد پولیس نے فارن ایکٹ اور ریذیڈنس ایکٹ کی خلاف ورزی پر 5 افغانی جبکہ خواجہ اجمیر نگری سے 2 افغانی باشندوں کو گرفتار کر لیا۔
نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے 2 افغانی اور ایک بنگلہ دیشی جبکہ ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قیام پذیر غیر ملکی باشندے کو گرفتار کرلیا۔
کھارادر سے 2 افغانی جبکہ شریف آباد سے ایک بنگلہ دیشی باشندے کو گرفتار کیا گیا۔
موچکو پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی پر مالک مکان اور کرایہ دار جبکہ کھارادر سے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایک اور کارروائی میں بلدیہ اتحاد ٹاؤن سے 3 ملزمان جنت گل، سعید احمد اور دانش کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی۔ شاہراہ نور جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ، نقدی اور موبائل فون برآمد کرلیے۔