جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

ننھی سی مچھلی ’بلا‘ بن گئی، ساتھی مچھلیوں کو ہڑپ کر گئی

اشتہار

حیرت انگیز

امریکا کی رہائشی خاتون اس وقت خوفزدہ ہوگئیں جب ان کی پالتو مچھلی غیر معمولی طور پر بڑی ہو کر اپنی ساتھی مچھلیوں کو ہی ہڑپ کر گئی۔

امریکی شہر شکاگو کی رہائشی الیگزینڈریا ملر نے سنہ 2018 میں یہ گولڈ فش ایک میلے کے دوران ایک کھیل میں جیتی تھی، اس وقت یہ صرف 2 انچ کی تھی اور پلاسٹک کی تھیلی میں تھی۔

لیکن ملر کا کہنا ہے کہ اب یہ 2 انچ کی مچھلی بڑی ہو کر گوشت کھانے والی بلا میں بدل چکی ہے اور اس کی جسامت 12 انچ ہوچکی ہے۔

ملر کے مطابق گولڈ فش عام طور پر چھوٹی جسامت کی ہوتی ہے، علاوہ ازیں اپنے ماحول کے حساب سے بھی ان کی جسامت کم یا زیادہ ہوجاتی ہے، تاہم ان کی پالتو مچھلی غیر معمولی انداز میں بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ مچھلی ٹینک میں موجود دیگر مچھلیوں کو بھی کھا گئی جس کے بعد مجبوراً انہیں اس مچھلی کو علیحدہ رکھنا پڑا۔

ملر کا کہنا ہے کہ وہ اس مچھلی کو رکھنے کے لیے اب تک 2 ٹینک بدل چکی ہیں، ہر دفعہ مچھلی اپنے ٹینک سے بڑی ہوجاتی ہے اور ٹینک اس کے لیے ناکافی اور چھوٹا پڑنے لگتا ہے جس کے بعد انہیں نیا ٹینک خریدنا پڑتا ہے۔

ملر اب تک ٹینک خریدنے کے لیے کافی رقم خرچ کرچکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مچھلی کی دہشت کے باوجود انہیں اس سے لگاؤ ہے اور اسے کسی دریا میں چھوڑنے کا فیصلہ ان کے لیے مشکل ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں