واشنگٹن: امریکا میں اسرائیلی سفارتخانے کے 2 اہلکاروں کو قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارتخانے کے اہلکار قتل ہو گئے، اہلکاروں پر یہودی میوزیم کے باہر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ میوزیم سے باہر آ رہے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سفارت کاروں کو قتل کرنے کے بعد قاتل نے ’’فری فلسطین‘‘ کے نعرے لگائے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی سی پولیس نے بتایا کہ مقتول سفارتی اہلکار ایک نوجوان جوڑا ہے، جو جیوش میوزیم میں ایک تقریب سے نکل رہے تھے، انھوں نے مزید کہا کہ واقعہ ٹارگٹڈ لگتا ہے۔ اہلکاروں پر فائرنگ ایک ایسے علاقے میں کی گئی ہے، جہاں متعدد سیاحتی مقامات، عجائب گھر اور سرکاری عمارتیں واقع ہیں، جن میں ایف بی آئی کا واشنگٹن فیلڈ آفس بھی شامل ہے۔
پولیس نے حملہ آور کی شناخت جاری کر دی ہے، 30 سالہ حملہ آور ایلیاس روڈریگیز کا تعلق شکاگو سے ہے، میٹروپولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پامیلا اسمتھ نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ فائرنگ سے قبل روڈریگز کو میوزیم کے باہر گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا، فائرنگ کے بعد وہ میوزیم کے اندر گیا لیکن اسے سیکیورٹی نے روک دیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور کی فائرنگ کے وقت وہاں چار افراد کا گروپ جا رہا تھا، جن میں سے دو نشانہ بن گئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی سفارتکاروں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے، اور کہا ہے کہ نفرت اور بنیاد پرستی کی امریکا میں کوئی جگہ نہیں ہے۔