سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسزکی جارحیت جاری ہے۔ قابض فوج نے مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا۔ سرچ آپریشن کے بہانے متعدد نوجوان گرفتار بھی کرلیے گئے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ظلم تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی فورسز کا طاقت کا اندھا دھند استعمال جاری ہے۔
وادی میں سو پور کے علاقے میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے بہانے کشمیری عوام کی زندگی اجیرن کردی۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے متعدد کشمیریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی فورسزکی زیادتیوں کے خلاف کشمیریوں نے شدید احتجاج کیا۔
لوگوں کو صورتحال سے بے خبر رکھنے کے لیے سو پور میں انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح کا مقبوضہ کشمیر میں بھی شاندار جشن منایا گیا تھا جس پر چراغ پا ہو کر بھارتی فوج نے جشن مناتے کئی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی فوج نے سری نگر میں کرفیو بھی نافذ کردیا تھا۔
حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا بیان بھی بھارتی میڈیا سے ہضم نہ ہوا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی فتح پر یہاں عید سے پہلے عید آگئی ہے، حریت رہنما کے بیان پر بھارتی میڈیا نے سخت واویلا کیا تھا۔