جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی گولہ باری، خاتون سمیت 2 افراد شہید

اشتہار

حیرت انگیز

راولا کوٹ: لائن آف کنٹرول پر راولا کوٹ کے علاقے میں بھارتی فوج کی نہتے شہریوں پر فائرنگ و گولہ باری سے خاتون سمیت 2 افراد شہید ہوگئے۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی نے بزدل بھارتی فوجیوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر کی جدوجہد آزادی سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بزدلانہ کارروائی کر ڈالی۔

شہری آبادی پر فائرنگ اور گولہ باری سے خوف و ہراس پھیلانے کی ناکام کوشش کی۔

بھارتی فوج نے راولا کوٹ میں ایل او سی عباس پور اور تتری نوٹ پر فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق شہید ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کروا دیں۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج نوجوان حریت لیڈر برہان وانی کی پہلی برسی بھی منائی جارہی ہے جس پر ہونے والا احتجاج روکنے کے لیے بھارتی فوج نے گرفتاریوں و چھاپوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

دوسری جانب لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو فائرنگ سے نشانہ بنا کر مقبوضہ کشمیر کے حالات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے۔

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جارحیت کے بعد بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔

دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے اور 2 شہریوں کی شہادت پر سخت احتجاج کیا۔

ترجمان کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ دیا۔ اس موقعے پر پاکستان نے بھارت سے واقعے کی تحقیقات کر کے آگاہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت کا شہری علاقوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ ایسے واقعات انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بھارت جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کرے اور واقعے کی تحقیقات کر کے اس سے آگاہ کرے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بھارت ایل او سی پر قیام امن کے لیے اس کی روح کے مطابق عمل کرے اور اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرورز کو رسائی کی اجازت دے۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں