ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی منشیات کے خلاف ملک بھر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق نارکوٹکس فورس نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات اسمگلرز کے 2 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کراچی فیڈرل بی ایریا بلاک 10 نصیرآبادمیں کارروائی کی گئی، ملزم کے گھر سے 2 گھڑیوں میں چھپائی گئی 800 گرام آئس برآمد، ملزم فرقان صدیقی نے گھڑیوں کے ذریعے منشیات اسمگل کرنی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر گروہ میں شامل خاتون کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان خلیجی، عرب ممالک میں کئی بار منشیات اسمگل کرچکے ہیں۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ ایک اور کارروائی اسلام آباد ائیر پورٹ پر کی گئی، ایئرپورٹ پر مانچسٹر جانے والے مسافر سے 2990 نشہ آورگولیاں برآمد ہوئی ہے جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ باچا خان ایئرپورٹ پشاور میں کارروائی کے دوران دوحہ جانے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کے پیٹ سے 62 آئس ، 30 چرس بھرے کیپسولز برآمد ہوئی ہے۔
دوسری جانب اے این ایف اور ایف سی نے خیبر میں مشترکہ کارروائی کی، کارروائی کے دوران پاک افغان بارڈر پر 49 کلو چرس بر آمد کرلیا گیا۔