پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کی تقرری کے لیے دو نام زیرِ غور ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق حکومت نے دو ریٹائرڈ بیوروکریٹس صاحبزادہ سعید اور جاوید اقبال کے ناموں پر غور کے بعد اتفاق کرلیا تاہم حتمی منظوری چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان دیں گے۔
جاوید اقبال خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری جبکہ صاحبزادہ سعید اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں۔ صاحبزادہ سعید صوبے کی پی ٹی آئی حکومت میں وزیر اعلیٰ کے مشیر بھی رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ محمود خان آج دو نام اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کے ساتھ ملاقات میں پیش کریں گے۔
اپوزیشن میں اے این پی نے سابق آئی جی ظفر اللہ خان کا نام جبکہ جے یو آئی نے سابق چیف جسٹس دوست محمد کا نام تجویز کیا ہے۔