کراچی : کراچی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جعلی اسٹیمپ اور جعلی پروٹیکٹر اسٹیکرزپر سفر کرنیوالے 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی اسٹیمپ اور جعلی پروٹیکٹر اسٹیکرزپر سفر کرنیوالے 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار مسافروں کی شناخت لیور خان اور نعمان کےنام سےہوئی، پہلی کارروائی میں یو اے ای جانے والے مسافر لیور خان کو آف لوڈ کیا گیا، مسافر نے پاکستانی پاسپورٹ پر ورک ویزا حاصل کر رکھا تھا۔
ابتدائی تفتیش میں مسافر کےپاسپورٹ پر آمد کی جعلی اسٹیمپس پائی گئیں، مسافر انگور اڈہ بارڈر کے ذریعے غیر قانونی آمدورفت کرتا رہا۔
دوسری کارروائی میں ازبکستان جانیوالےنعمان نامی مسافر کو آف لوڈ کیاگیا، مسافر پاکستانی پاسپورٹ پر وزٹ ویزالےکر سفر کر رہا تھا، ابتدائی تفتیش میں مسافر کے پاسپورٹ پر لگے پروٹیکٹر اسٹیکر مشکوک پائے گئے۔
مسافر نے انکشاف کیا کہ وہ سعودی عرب میں ملازمت کے لیے سفر کر رہا تھا، مسافر الطاف کھوسو اور جہانگیر بھٹو نامی ایجنٹس کے ساتھ رابطے میں تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافر نے ایجنٹس کو سعودی ویزا اور پروٹیکٹر اسٹیکر کیلئے3 لاکھ 80 ہزار روپے دیے تاہم مسافروں کو آف لوڈ کرکےقانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا ہے۔