اسلام آباد : پاسپورٹ بنوانے والوں کی بڑی مشکل آسان ہوگئی، جس سے شہریوں کی پریشانی میں کمی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں پاسپورٹ کی فراہمی کا سلسلہ التواء کا شکارہے۔ جس کے باعث نئے پاسپورٹ بنوانے اور پاسپورٹ کی تجدید کرانے والے شہری بری طرح پریشان ہیں۔
اس صورتحال میں پاسپورٹ بنوانے والوں کے لیے اچھی خبر آگئی، جس سے بڑی پریشانی حل ہوگئی۔
کراچی اور لاہورمیں 2 پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، اس حوالے سے ڈی جی امیگریشن اینڈپاسپورٹس نے پاسپورٹ آفس سےمتعلق نوٹیفکیشن جاری کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے لاہور،کراچی میں2پاسپورٹ آفس24گھنٹےکھولنےکاحکم دیاتھا اور کہا تھا کہ عوام کی سہولت کیلئے 2 پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، پوری کوشش ہے عوام کو پاسپورٹ بنوانے میں مشکلات پیش نہ آئیں۔
گذشتہ روز پاسپورٹ کی فاسٹ ٹریک پاسپورٹ فیس میں اضافہ کیا گیا تھا، 36 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کی فاسٹ ٹریک فیس 12 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
36 صفحات پر مشتمل 10 سالہ پاسپورٹ کی فیس 16 ہزار 200 روپے کی گئی ہے، 72 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کی فیس 18 ہزار 500 روپے جبکہ 10 سالہ مدت کی فیس 25 ہزار 200 روپے کر دی گئی ہے۔
100 صفحات والے پاسپورٹ کی 10 سالہ مدت کی فاسٹ ٹریک فیس 32 ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔