صوابی: صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر صوابی میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز جاں بحق ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق صوابی میں نامعلوم ملزمان نے ڈیوٹی کرنے والی پولیو ٹیم پر فائرنک کر دی جس کے نتیجے میں 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز جان کی باز ہار گئیں۔ ڈی پی او صوابی نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے خول برآمد کر لیے۔
پولیو ٹیم پر فائرنگ کا مقدمہ سی ٹی ڈی مردان میں درج کر لیا گیا ہے جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخواہ ثنا اللہ عباسی نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو معطل کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا ثنا اللہ عباسی سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس کو ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت بھی کی۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں پولیو ورکرز پر حملوں کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں، پولیو ورکرز پر حملے ملک سے پولیو کے خاتمے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔