گوجرانوالہ: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حساس اداروں کے افسران کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے علی پور چوک گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے ہیں۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں محمد اکمل اور غلام حسین کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، نفرت انگیز لٹریچر اور نقدی برآمد کی گئی۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے حساس اداروں کے افسران کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن بر وقت کارروائی کرتے ہوئے انھیں گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، دو خودکش حملہ آوروں سمیت چھ دہشت گرد ہلاک
یاد رہے کہ تین دن قبل بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ کاروائی میں 2 خود کش حملہ آوروں اور خاتون سمیت 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے تھے۔
اس سے قبل جولائی میں راولپنڈی میں سی ٹی ڈی اہل کاروں نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بارودی مواد اور دیگر سامان برآمد کیا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد راولپنڈی میں تخریبی کارروائی کرنا چاہتا تھا، سی ٹی ڈی حکام نے خفیہ اطلاع پر راولپنڈی کے علاقہ منکیال میں کام یاب کارروائی کر کے اسے پکڑا۔