کچرا کنڈی میں کچرے کے ساتھ غیر ضروری چیزیں پھینکی جاتی ہیں لیکن ایک شخص نے 2 کھرب سے زائد کچرے کی نذر کر دیے۔
یہ انوکھا واقعہ برطانیہ میں 2013 میں پیش آیا تھا مگر میڈیا کی نگاہوں میں اب آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے شہر کارڈیف میں نوجوان جیمز ہولز نے گھر کی صفائی کے دوران ایک ہارڈ ڈسک کو فضول سمجھتے ہوئے کوڑے دان میں پھینک دی۔ تاہم یہ ہارڈ ڈسک فضول نہیں بلکہ نوجوان کی دولت اس میں جمع تھی۔
رپورٹ کے مطابق جیمز نے صفائی کے دوران جو ہارڈ ڈسک کوڑے دان میں پھینکی۔ اس میں نوجوان کا گزشتہ پانچ سال سے جمع کردہ 8 ہزار بٹ کوائن (ڈیجیٹل کرنسی) کا تمام ڈیٹا محفوظ تھا۔
چند دن بعد جب نوجوان کو اپنی غلطی کا احساس ہوا تو وقت نکل چکا تھا اور مذکورہ ہارڈ ڈسک شہر کے مرکزی کوڑا گھر میں منوں کچرے تلے دب چکی تھی۔
جس وقت یہ واقعہ پیش آیا۔ اس وقت 8 ہزار بٹ کوائن کی مالیت 90 لاکھ امریکی ڈالر تھی جو اب بڑھ کر 80 کروڑ ڈالر ہوچکی ہے اور پاکستانی کرنسی میں یہ مالیت 2 کھرب، 24 ارب، 25 کروڑ روپے بنتی ہے۔
جیمز خزانہ چھپائے اپنی ہارڈ ڈسک کی تلاش میں بھاگم بھاگ مرکزی کچرا گھر پہنچا اور وہاں تلاش شروع کی۔ تاہم انتظامیہ نے اس کو روک دیا اور کہا کہ کچرے کی تلاشی سے قدرتی ماحول کو سخت نقصان پہنچے گا۔
نوجوان یہ سن کر مایوس ہو گیا اور سر پیٹتا گھر واپس آ گیا۔